منگل 30 جون 2026 - 02:58
مولوی سلمان ندوی اپنے عہد کی ممتاز علمی و دینی شخصیات میں شمار ہوتے تھے: مولانا عارف اعظمی

حوزہ/مولانا عارف اعظمی نے برصغیر کے ممتاز سنی عالم دین مولانا سلمان ندوی کی رحلت پر لواحقین سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم اپنے عہد کی ان ممتاز علمی و دینی شخصیات میں شمار ہوتے تھے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مولانا عارف اعظمی کے تعزیتی پیغام مندرجہ ذیل ہے۔

بسم الله الرحمٰن الرحیم

إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ.

نہایت رنج و الم اور قلبی افسوس کے ساتھ یہ اندوہناک خبر موصول ہوئی کہ عالمِ دین، مصلحِ امت، صاحبِ فکر و بصیرت، حضرت مولانا سلمان حسینی ندوی رحمۃ اللہ علیہ اس دارِ فانی سے رحلت فرما کر اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

مرحوم اپنے عہد کی ان ممتاز علمی و دینی شخصیات میں شمار ہوتے تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام کی خدمت، قرآن و سنت کی اشاعت، دعوت و تبلیغ، تعلیم و تربیت، امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی، اور علمی و فکری رہنمائی کے لیے وقف کر دی۔ آپ کی تقاریر، تحریریں اور اصلاحی خدمات نے برصغیر سمیت عالمِ اسلام میں بے شمار افراد کو علم و معرفت، اعتدال، اخلاص اور دینی شعور کی راہ دکھائی۔ آپ ہمیشہ حق گوئی، بصیرت، حکمت، حلم، بردباری اور اعلیٰ اخلاق کے علمبردار رہے اور اپنے کردار و عمل سے اہلِ علم و فضل کے لیے ایک روشن نمونہ چھوڑ گئے۔

بلاشبہ آپ کی رحلت صرف آپ کے اہلِ خانہ، تلامذہ اور متعلقین ہی کا نہیں بلکہ پورے علمی و دینی حلقوں اور امتِ مسلمہ کا ایک عظیم اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ ایسے مخلص علماء کی جدائی ایک ایسا خلا پیدا کر دیتی ہے جسے پُر ہونے میں برسوں لگ جاتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ امتِ مسلمہ کو ان کے علمی و فکری سرمایہ سے ہمیشہ مستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔

میں اس عظیم سانحۂ ارتحال پر مرحوم کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، تلامذہ، متعلقین، احباب اور تمام سوگواران کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں اور ان کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔

بارگاہِ رب العزت میں دعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی بے پایاں رحمت کے سایۂ عاطفت میں جگہ عطا فرمائے، ان کی حسنات کو شرفِ قبولیت بخشے، لغزشوں سے درگزر فرمائے، درجات کو بلند فرمائے، ان کی قبر کو نور و رحمت سے منور فرمائے، اور انہیں جنت الفردوس میں انبیاء، صدیقین، شہداء، صالحین اور ائمۂ اہلِ بیت علیہم السلام کی معیت نصیب فرمائے۔

نیز اللہ تعالیٰ تمام پسماندگان کو صبرِ جمیل، اجرِ عظیم اور اس عظیم صدمے کو ایمان و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha